ترکی کے جنگل میں لاپتہ ہونے والے آدمی کی تلاش، جب اس کا نام زور سے پکارا گیا تو کیا ہوا؟ ایسا واقعہ کہ آپ کی ہنسی نہ رکے
استنبول(قدرت روزنامہ) ترکی میںآدمی کے جنگل میں لاپتہ ہونے اور پھر واپس مل جانے کا ایسا مضحکہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق اس 50سالہ آدمی کا نام بیہان مودلو بتایا گیا ہے جو ترکی کے شہر انیگول کے قریب ایک دیہی علاقے میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھا۔ وہاں انہوں نے شراب پی اور نشے میں بیہان جنگل کی طرف چلا گیا اور پھر واپس نہیں آیا جس پر اس کے دوستوں نے مقامی حکام کو اس کی گمشدگی کی رپورٹ کر دی۔
بیہان کے جنگل میں گم ہونے کی خبر ارگرد کے دیہات میں پھیل گئی اور حکام کے ساتھ مقامی لوگ بھی جنگل میں اسے تلاش کرنے لگے۔ سینکڑوں لوگ جنگل کو چھان رہے تھے مگر بیہان کا کہیں پتا نہیں چل رہا تھا۔ بالآخر تنگ آ کر حکام نے زور زور سے بیہان کا نام پکارنا شروع کر دیا تاکہ وہ اگر ان کی آواز سنے تو بول کر اپنی موجودگی کا احساس دلائے۔
جب لوگوں حکام نے بیہان کا نام پکارنا شروع کیا تو ایک آدمی بہت حیران ہوا اور دوسروں سے پوچھا کہ ”ہم لوگ کسے تلاش کر رہے ہیں؟ تم لوگ جس کا نام پکار رہے ہو، وہ تو میں ہوں۔“ درحقیقت معاملہ کچھ یوں ہوا کہ جب سینکڑوں لوگ جنگل میں بیہان کی تلاش میں نکلے تو بیہان بھی ان کے ساتھ گم ہونے والے آدمی کی تلاش میں لگ گیا تھا۔ اسے معلوم نہیں تھا کہ لوگ اسے گمشدہ سمجھ کر اسی کی تلاش میں آئے ہوئے ہیں۔ یوں بیہان کی گمشدگی کا معاملہ اس کی ’بازیابی‘ کے بعد قہقہوں پر ختم ہو گیا۔
