وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کے لیے بڑے فیصلے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عام آدمی کو ریلیف دینے کی خاطر بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کے لیے بڑے فیصلے کیے ہیں . وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت بجلی کے شعبے کے حوالے سے اقدامات پر اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا جس میں شہباز شریف نے ہدایت کی کہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو مقامی کوئلے پر منتقل کیا جائے .


شہباز شریف نے کہاکہ بجلی کے ترسیلی نظام کو بہتر کیا جائے . ملک میں آئندہ صرف صاف اور کم لاگت پن بجلی اور قابل تجدید کے پلانٹ لگائے جائیں گے . اجلاس کو بیرونی سرمایہ کاری کے تحت 600 میگاواٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی . وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو شمسی توانائی کے اس منصوبے میں بیرونی سرمایہ کاری حوالے سے اقدامات کو تیز کرنے کی ہدایت کی .
شہباز شریف نے کہاکہ بجلی کی موجودہ اضافی استعداد کو صنعتوں میں بہتر طریقے سے برؤئے کار لانے کے لیے تجاویز تیار کی جائیں . انہوں نے ہدایت کی کہ بجلی کی ویلنگ کے نرخوں کو کم کیا جائے تاکہ صنعتی صارفین کو کم لاگت پر بجلی کی فراہمی ممکن ہو . صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے بڑی صنعتوں کے قریب گرڈ اسٹیشنز کا قیام یقینی بنایا جائے .
انہوں نے کہاکہ ایسے بجلی گھر GENCOs جو فعال ہیں ان کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جائے . جبکہ ایسے بجلی گھر GENCOs جو غیر فعال اور ناکارہ حالت میں ہیں ان کی نیلامی جلد مکمل کی جائے . وزیراعظم نے کہاکہ عام آدمی کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں کمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں . جبکہ بجلی شعبے کے گردشی قرضے میں کمی کے لیے شعبے کی ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات جاری ہیں .
اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احد چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس احمد خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، سابق وزیرِ بجلی محمد علی، رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، رانا احسان افضل، سلمان احمد اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی . اجلاس کو بجلی شعبے کی موجودہ پیداوار اور ترسیلی نظام کے حوالے سے تفصیلات، حکومتی اقدامات اور تجاویز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی .
اجلاس کو مستقبل میں بجلی کی کھپت و طلب کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ درآمدی کوئلے سے چلنے والے منصوبوں کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے سے نہ صرف قیمتی زرمبادلہ بچایا جا سکے گا بلکہ فی صارفین کیلئے فی یونٹ قیمت میں 2 روپے کمی ممکن ہوگی . وزیرِ اعظم نے تمام اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت جاری کردی .

. .

متعلقہ خبریں