قہقے بکھیرنے والا عمر شریف مداحوں کو روتا چھوڑ گیا
(قدرت روزنامہ)لیجنڈ اداکار،کامیڈی اور اسٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف جرمنی کے اسپتال میں انتقال کر گئے۔
عمر شریف کو علاج کے لیے 28 ستمبر کو کراچی سے ایئر ایمبولینس کے ذریعے امریکہ روانہ کیا گیا تھا۔ ایئر ایمبولینس نے شیڈول کے مطابق جرمنی میں مختصر قیام کرنا تھا اور ری فیولنگ کرانا تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق طویل فضائی سفر کی وجہ سے عمر شریف نہ صرف تھکاوٹ محسوس کر رہے تھے بلکہ انہیں ہلکا بخار بھی ہو گیا تھا۔
عمر شریف کو بخار اور تھکاوٹ کے باعث جرمنی کے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
ذرائع کے کہنا ہے کہ جرمنی میں ڈائیلیسز کے دوران عمر شریف کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ خالق حقیقی سے جاملے۔
جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے نے عمر شریف کے انتقال کی تصدیق کردی ہے،جرمنی میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل زاہد حسین اسپتال میں انتظامات دیکھ رہےہیں۔
امریکا کےجارج واشنگٹن یونیورسٹی اسپتال میں عمر شریف کی سرجری کے تمام تر انتظامات مکمل تھے، ڈاکٹر جرمنی میں موجود ڈاکٹروں سے مسلسل رابطے میں تھے۔
عمر شریف 1955میں لیاقت آباد کراچی میں پیدا ہوئے، اپنے کیرئیر کا آغاز 1974میں 14 سال کی عمر میں سٹیج اداکاری سے کیا۔
عمر شریف نے1980 میں پہلی بار آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے،عمر شریف نے مسٹر 420اور بہروپیا فلم میں مرکزی کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ ایئر ایمبولینس میں اداکار عمر شریف کے اہل خانہ ہمراہ نہیں ہیں وہ کمرشل پرواز سے امریکہ کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
