خوشی ہے کہ ناتجربہ کار ٹیم نے پاکستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر کی، نیوزی لینڈ کوچ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیوزی لینڈ کے کوچ گیری سٹیڈ نے کہا کہ انہیں اس فخر ہے ان کی ناتجربہ کار ٹیم نے پاکستان کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر کرنے کے لیے بہترین مقابلہ کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ اس بات کا امکان نہیں ہے کہ دورہ پاکستان پر آنے والی ٹیم کے کئی کھلاڑی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ ہوں گے . یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے نیوزلینڈ کو شکست دے کر پانچ میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی، سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث مکمل نہیں ہوسکا تھا .

گیری سٹیڈ، جو 29 اپریل کو امریکا اور کیریبین میں جون میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کریں گے، نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہماری ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا، ہم نے اپنے پہلے میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا تھا اور شکست کا سامنا کرنا پڑا لیکن اس شکست کے بعد ٹیم کی کارکردگی متاثر کن تھی، کچھ نوجوان لڑکوں نے بہترین کارکردگی دکھائی . ‘ انہوں نے کہا کہ یہ بات نہیں بھولنی چاہیے کہ پاکستان دو سال قبل ورلڈکپ کے فائنل میں تھا اور ان کے ساتھ مقابلہ واقعی خوشگوار ہے . نیوزی لینڈ کوچ نے کہا کہ اگر کھلاڑی ورلڈ کپ اسکواڈ کے لیے منتخب نہیں بھی ہوتے ہیں تو انہیں امید نہیں ہارنی چاہیے اور وہ اپنی کارکردگی جاری رکھیں . انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران اسکواڈ میں موجود کھلاڑیوں کی انجری کی وجہ سے متبادل کھلاڑی کی ضرورت پڑسکتی ہے اس لیے کھلاڑیوں کو تیار رہنا چاہیے اور بہتری کی کوشش جاری رکھنی چاہیے . انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے کچھ کھلاڑی اس وقت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں حصہ لے رہے ہیں، دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے یہ کھلاڑی یا آئی پی ایل ٹورنامنٹ ختم ہونے کے بعد یا آئی پی ایل کا معاہدہ ختم کرکے ٹیم کا حصہ بنیں گے . ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی سخت محنت کررہے ہیں، لیکن بہت سے کھلاڑی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ نہیں بن سکیں گے . . .

متعلقہ خبریں