پاکستان سے حج آپریشن کا آغاز، پہلی پرواز کل مدینہ منورہ کیلیے روانہ ہوگی


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان سے حج 2024ء کے لیے پہلی پرواز کل مدینہ منورہ کے لیے اُڑان بھرے گی۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج 2024 کے لیے فلائٹ آپریشن 9 مئی تا 9 جون جاری رہے گا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے پہلی حج پرواز کل نصف شب کو سعودی عرب کے لیے روانہ ہو گی۔
حج آپریشن کے پہلے 15 روز تمام پروازیں براہ راست مدینہ منورہ ائرپورٹ اتریں گی، جس کے بعد 24 مئی تا 9 جون بیشتر پروازیں جدہ ائرپورٹ پر لینڈ کریں گی۔ فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے ۔
اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ کراچی سے 2 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر روانہ حجاز مقدس جائیں گے جب کہ لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر فریضہ حج کے لیے سعودی عرب پہنچیں گے۔
اسی طرح ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329 عازمین سفر حج کا آغاز کریں گے۔ سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمینِ مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو اور سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہو گی۔
مجموعی طور پر 259حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے، جس کے بعد حج فلائٹ آپریشن 9 جون کو مکمل ہوگا اور 20 جون کو پہلی پرواز حجاجِ کرام کو لے کر وطن واپس پہنچے گی۔