زرتاج گل کا حج ادائیگی کیلئے نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے عدالت سے رجوع


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر زرتاج گل نے حج ادائیگی کے لیے نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے زرتاج گل کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے سیکریٹری داخلہ کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔
عدالت نے تحریری حکمنامے میں کہا ہے کہ سیکریٹری داخلہ قانون جاننے والے سینئر افسر کو عدالت کی معاونت کے لیے مقرر کریں، مجاز افسر متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہو اور کیس کے حقائق سے واقف ہو۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ وکیل کے مطابق پٹیشنر کے خلاف احتجاج پر متعدد مقدمات درج ہیں اور قانون کا سامنا کر رہی ہیں، زرتاج گل کسی بھی کیس میں مفرور یا اشتہاری نہیں، ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔
تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ پٹیشنر کے مطابق زرتاج گل کا نام ای سی ایل، نو فلائی لسٹ یا پی این آئی ایل میں شامل ہے، ان پر سفری پابندیوں کے اطلاق کی کوئی قانونی وجہ یا اخلاقی جواز موجود نہیں، وکیل کے مطابق سیکریٹری داخلہ کو 13 مارچ کو پی این آئی ایل سے نام نکالنے کی درخواست دی جس کا جواب نہیں دیا گیا، پٹیشنر کے وکیل نے استدعا کی زرتاج گل حج پر جانا چاہتی ہیں اس لیے درخواست پر جلد فیصلہ کیا جائے۔