انگلینڈ کیخلاف ٹی20 سیریز میں شکست، بابر اعظم نے وجہ بتا دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے انگلینڈ کے خلاف 4 میچوں کی ٹی20 سیریز میں شکست کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ مڈل اوورز میں بلے بازوں نے ذمہ داری نہیں دکھائی، ماڈرن کرکٹ سے دوری ہی شکست کی وجہ بنی ہے۔
لندن میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے آخری اور چوتھے ٹی20 میچ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ جیت کے لیے اسٹرائیک ریٹ بھی بڑھانا ہوگا اور فتوحات کے سفر پر دوبارہ گامزن ہونے کے لیے کھلاڑیوں کو ماڈرن کرکٹ کھیلنا ہوگی۔
کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ سیریز ہارنے کا افسوس ہے، سیریز جیت کر ٹی20 ورلڈ کپ میں بلند حوصلوں کے ساتھ جانے کی ضرورت تھی۔ بدقسمتی سے 2 میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مڈل اوورز میں بلے بازوں نے ذمہ داری نہیں دکھائی، اوپر تلے وکٹیں گرنے سے بڑا اسکور نہیں کرسکے جبکہ بولرز نے بھی اچھی بولنگ نہیں کی اور زیادہ رنز دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان سمیت تمام کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ پر ہوا، شکست کے بعد سوالات اٹھتے ہیں۔ تمام کھلاڑیوں کو اپنے رول کا پتہ ہے، ورلڈ کپ میں تمام کھلاڑیوں کو ذمہ داری لینا ہوگی۔
بابر اعظم نے کہا کہ ورلڈ کپ بالکل مختلف گیم ہے اس میں بہتر نتائج دیں گے، امریکا کی کنڈیشنز سے واقف نہیں لیکن ویسٹ انڈیز کی کنڈیشنز سے بخوبی آگاہ ہیں، اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔
واضح رہے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 4 میچوں کی ٹی20 سیریز کھیلی گئی، 2 میچز بارش کی وجہ سے متاثر ہوئے جبکہ 2 میچوں میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کی۔