ایک نیا ٹرینڈ آیا ہے، مشہور شخصیت کو بدنام کرو اور وائرل ہوجاؤ: حنا بیات
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بہروز سبزواری ایک مشہور پاکستانی ٹیلی ویژن اور فلمی اداکار ہیں، اکثر ٹیلی ویژن اور سوشل میڈیا پر مختلف پروگراموں میں مہمان کے طور پر جلوہ گر ہوتے رہتے ہیں، لیکن کچھ روز قبل وہ ایک پوڈ کاسٹ میں آئے جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان جو اس وقت جیل میں موجود ہیں کہ حوالے سے ایک نیا پنڈورا باکس کھول دیا ہے۔
عدنان فیصل کی میزبانی میں ایف ایچ ایم کے پوڈ کاسٹ میں بہروز سبزواری نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے اپنی دوستی کا اظہار کیا اور ان کے بارے میں کھل کر بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نشے جیسی کوئی لت نہیں ہے لیکن وہ ان کے ساتھ شراب پی چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ کوکین کے عادی ہیں لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے، عمران خان سے 24 سال پرانا تعلق ہے، جب بھی کبھی بیٹھے تو انہوں نے ایک ڈرنک سے زیادہ شراب نہیں پی۔
بہروز سبزواری کی جانب سے یہ بیان سامنے آنے کی دیر تھی کہ سوشل میڈیا پر صارفین نے تنقید کے نشتر چلانے شروع کردیے جن میں مشہور اداکار اور اداکارائیں بھی شامل ہیں۔ حال ہی میں خوبرو اور مشہور اداکارہ حنا بیات نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بہروز سبزواری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کام کو پذیرائی نہ مل رہی ہو تو میڈیا کی زینت بننے کے لیے دوسروں کا سہارا لیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ایک نیا ٹرینڈ شروع ہوچکا ہے، کہ سوشل میڈیا پر آپ کے کام کی تعریف نہیں کی جاتی ہے یا آپ کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی ہے، تو آپ کو صرف ایک پوڈ کاسٹ پر حاضر ہونا ہے، کسی مشہور شخصیت کا نام لینا ہے اور ان کو بدنام کرنے کی کوشش شروع کردینی ہے۔ ایسا کرنے سے دوسرے شخص کی عزت تو داغدار ہوجاتی ہے لیکن یہ آپ کے حق میں بہتر ہوجاتا ہے کیوںکہ آپ وائرل ہو جاتے ہیں۔
حنا بیات کے اس جرات مندانہ اور دلیر اقدام پر مداحوں نے ان کی تعریف کی اور خوب تبصرے کرتے ہوئے ان کے اس بیان کو سراہا بھی ہے۔
واضح رہے حنا بیات اور بہروز سبزواری نے حال ہی میں جیو ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل خمار میں ایک ساتھ کام کیا ہے جس میں بہروز سبزواری نے حنا بیات کے شوہر کا کردار ادا کیا تھا، اس کے علاوہ بھی دونوں اداکاروں کے درمیان ایک اچھا اور دوستی کا رشتہ سمجھا جاتا ہے۔