حارث رؤف کے جھگڑے کی ویڈیو وائرل، جھگڑا کیوں ہوا فاسٹ بولر نے بتادیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی ایک مداح پر حملہ آور ہونے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وائرل ویڈیو پر حارث رؤف کا کہنا تھا کہ جب خاندان کی بات آئے گی تو جواب دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) محسن نقوی نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی حمایت کی ہے۔جب کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر انہیں ان کے روّیے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
حارث رؤف نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنے دفاع میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ بطور کرکٹر تنقید کا نشانہ بننا معمول کی بات ہے لیکن اپنے اہل خانہ کے احترام بولنا بھی ضروری ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اپنے پر تنقید کے علاوہ جب بات میرے والدین اور میرے خاندان کی آتی ہے، تو میں اس کے مطابق جواب دینے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کروں گا۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ کسی کے بھی اہل خانہ کا احترام کریں ، چاہے وہ کسی بھی پیشے سے تعلق رکھتے ہوں۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی جس میں حارث رؤف امریکا میں ایک کرکٹ مداح کی طرف سے ان کے خلاف نا پسندیدہ گفتگو کرنے پر ان کے خلاف آپے سے باہر ہو گئے اور ان پر حملہ آور ہو گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا رہا ہے کہ فاسٹ بولر اپنی اہلیہ مزنا کے ساتھ ایک فٹ پاتھ پر گھوم رہے تھے کہ اچانک کچھ فاصلے پر چلنے والے ایک شخص پر حملہ آور ہو گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حارث رؤف موقع پر موجود مزنا اور دیگر افراد کی موجودگی کے باوجود مداح کی طرف بھاگ کر جا رہے ہیں۔
ویڈیو میں فاسٹ بولر آپے سے باہر دکھائی دے رہے ہیں تاہم اس موقع پر موجود دیگر افراد کی جانب سے معاملے میں مداخلت کرنے کی کوشش کے بعد مداح وہاں سے چلے گئے۔
اس پورے منظر کے دوران حارث رؤف کی اہلیہ نے مسلسل انہیں پرسکون کرنے کی کوشش کی لیکن فاسٹ بولر ویڈیو کے آخر تک غصے میں نظر آئے۔
ویڈیو پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے حارث رؤف نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ وہ شروع میں اس معاملے کو سوشل میڈیا پر نہیں لانا چاہتے تھے لیکن ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد انہیں اپنی خاموشی توڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔
رؤف کے ردعمل کے فوری بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹر کے دفاع میں کہا کہ وہ اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس طرح کے واقعات ‘مکمل طور پر ناقابل قبول’ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو بھی اس معاملے میں ملوث ہے وہ فوری طور پر حارث رؤف سے معافی مانگے یا قانونی کارروائی کا سامنا کرے۔
واضح رہے کہ حارث رؤف ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا حصہ تھے جہاں گرین شرٹس گروپ مرحلے سے باہر ہو گئی تھی۔
پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ کے اپنے پہلے 2 میچوں میں امریکا اور بھارت کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے اسے ٹورنامنٹ کے سپر 8 تک پہنچنے میں ناکامی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کو 14 جون کو آئرلینڈ کو شکست دینے کے لیے امریکا کی ضرورت تھی لیکن فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں شدید بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا اور ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کا سفر وہیں ختم ہو گیا۔