ویرات کوہلی کا جیت کے بعد انوشکا شرما کے نام رومانوی پیغام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ٹی20 ورلڈ کپ 2024 کی جیت کا سہرا اہلیہ اپنی انوشکا شرما کے سر سجاتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کا مشکور ہوں کیونکہ یہ جیت جتنی میری ہے اتنی ہی آپ کی ہے، میں آپ سے بے حد پیار کرتا ہوں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ویرات کوہلی نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں سورج کی کرنوں کے درمیان ویرات کوہلی اور انوشکا شرما خوشگوار موڈ میں نظر آ رہے ہیں۔ ویرات نے کیپشن میں لکھا کہ اس دنیا میں آپ کے بغیر میرے لیے کچھ بھی ممکن نہیں، آپ مجھے ایمانداری اور عاجز و انکساری سکھاتی ہیں۔
ویرات کوہلی کا انسٹاگرام پیغام انوشکا کی انسٹاگرام پوسٹ کے بعد سامنے آیا ہے۔ انوشکا شرما نے ویرات کوہلی کی ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی اور لکھا تھا کہ میں آپ سے پیار کرتی ہوں، اس جیت کا جشن منانے کے لیے شدت سے آپ کی گھر واپسی کی منتظر ہوں۔

یاد رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے ویرات کوہلی کی شاندار بلے بازی کی بدولت جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز معرکے میں 7 رنز سے شکست دی تھی۔ میچ کے فوراً بعد ہی کرکٹ گراؤنڈ میں ہی ویرات کوہلی نے اپنی اہلیہ اور بچوں سے موبائیل فون پر بات کی تھی۔
مین آف دی میچ کا ایوارڈ وصول کرتے ہوئے کوہلی نے ٹی20 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔