وزیراعظم سے ڈاکٹر مالک کی ملاقات، ریکوڈک اور گوادر ایئرپورٹ میں بھرتیوں پر شدید تحفظات


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی سربراہی میں وفد کی پارلیمنٹ سیکرٹریٹ میں اہم ملاقات۔ ملاقات میں نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر جان محمد بلیدی، میر شاوس خان بزنجو، رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عبدالمالک نے ریکوڈک اور گوادر ایئرپورٹ میں ہونے والے بھرتیوں پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کے لوگوں کو ہر دو اداروں میں نظرانداز کردیا گیا ہے جن افراد کو ان اداروں میں بھرتی کیا گیا ہے ان کا تعلق بلوچستان سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے فیڈریشن اور قومی وحدتوں کے درمیان خلیج میں مزید اضافہ ہوگا۔ وزیر اعظم نے نیشنل پارٹی کی قیادت کو یقین دلایا کہ بلوچستان کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہرگز نہیں ہونے دیں گیں اور ان معاملات کی انکوائری اور نگرانی کی جائے گی۔ ملکی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیر بحث آئے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بلوچستان میں زرعی ٹیوب ویلوں کو سولرائز کرنے کے وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر اپنی آرا وزیراعظم کے سامنے لاتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی کہ بلوچستان کے مسئلے کا سیاسی حل نکالنے کی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔