کے-الیکٹرک کی بجلی مزید مہنگی کرنے کیلئے نیپرا میں درخواست


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) کے-الیکٹرک نے کراچی کے صارفین کو ایک جھٹکا دینے کی تیاری کرلی ہے اور بجلی فی یونٹ مزید 5 روپے 45 پیسے مہنگی کرنے کے لیے لیے نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست دائر کردی ہے۔
کے-الیکٹرک کی درخواست پر شہر قائد کے بجلی کے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 5 روپے 45 پیسے مہنگی ہونے کا خدشہ ہے، کے-الیکٹرک نے یہ درخواست فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی مد میں جمع کرا دی ہے۔
درخواست میں مئی اور جون کے ماہانہ ایف سی اے کی مد میں اضافہ مانگا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ مئی کے لیے 2 روپے 53 پیسے اور جون میں ایف سی اے کی مد میں 2 روپے 92 پیسے اضافے کی منظوری دی جائے۔نیپرا کی جانب سے کے -الیکٹرک کی درخواست پر 30 جولائی کو سماعت کی جائے گی اور اتھارٹی سماعت کے بعد بجلی کی قیمت میں مزید اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ کرے گی۔
سرکاری ڈسکوز صارفین کیلئے بھی بجلی مہنگی ہونے کا امکان
سرکاری ڈسکوز کے صارفین کے لیے بھی بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے اور ایک ماہ کے لیے فی یونٹ قیمت 2 روپے 10 پیسے تک اضافے کا امکان۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے درخواست نیپرا میں دائر کر دی ہے اور کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا جائے۔
نیپرا ایف سی اے کی درخواست پر 31 جولائی کو سماعت کرے گی اور ڈسکوز صارفین کے لیے اضافے پر فیصلہ اتھارٹی سماعت کے بعد کرے گی۔