میچ میں ناکامی کے بعد انوشکا نے کے ایل راہول کے کمرے میں جاکر کیا کہا؟ کرکٹر کا انکشاف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہارڈ ہٹر کے ایل راہول نے ایک مرتبہ انکشاف کیا تھا کہ جب ڈیبیو میچ میں وہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے تھے تو بھارتی اداکارہ اور ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما ان کے کمرے میں آئی تھیں۔
کے ایل راہول نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کیا تھا لیکن یہ کوئی خاص ڈیبیو ثابت نہ ہوا کیونکہ راہول صفر پر آؤٹ ہوگئے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انوشکا شرما ہی تھیں جو ان کے ساتھ کھڑی تھیں، کے ایل راہول نے بتایا ویرات اور انوشکا دونوں ہی میرے بہترین دوست ہیں، میرے پاس مداحوں کو سنانے کے لیے ایک شاندار کہانی ہے۔
کے ایل راہول نے بتایا کہ ویرات اور انوشکا نے مجھے میرے برے وقت سے باہر نکالنے میں اہم کردار ادا کیا کیونکہ جب آپ کی شروعات اچھی نہیں ہوتی تو آپ کافی ٹوٹ جاتے ہیں اور حوصلہ کھودیتے ہیں۔
کرکٹر نے کہا کہ ‘ڈیبیو میچ آسٹریلیا میں تھا جو اتفاق سے انوشکا بھی دیکھنے آئی ہوئی تھیں، جب میں آؤٹ ہوا تو اداکارہ نے مجھے اداس اور سوچوں میں گِھرا ہوا دیکھا’۔
کے اہل راہول کے مطابق ‘انوشکا شرما میرے کمرے میں آئیں اور کہا کہ وہ مجھے اکیلے نہیں بیٹھنے دیں گی، نہ ہی مجھے کرکٹ کے بارے میں کچھ سوچنے دیں گی، ساتھ ہی انوشکا نے یہ بھی کہا کہ وہ اور ویرات مجھے باہر ڈنر یا سیر پر لے کر جائیں گے’۔
بھارتی بیٹر نے مزید کہا کہ ویرات نے انہیں سمجھایا تھا کہ اس طرح ناکام ہونے والے پہلے شخص نہیں تھے اور یہ زندگی کا تجربہ ہے۔
اسی انٹرویو کے دوران راہول نے یہ بھی بتایا کہ وہ انوشکا اور ویرات کی کئی ڈیٹس پر ان کے ساتھ گئے جس میں دونوں انہیں اپنے رشتے کی کہانیاں سناتے تھے کہ ان کی ملاقات کیسے ہوئی، محبت کیسے ہوئی۔