قومی اسمبلی کا اجلاس؛ ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کی قرارداد منظور


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی اسمبلی کے اجلاس میں ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے۔پیرس کے سمر اولمپکس میں جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کےلیے قومی اسمبلی کے اجلاس میں قرارداد پیش کی گئی۔
قراردار میں ارشد ندیم کو خراج تحسین اور مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ ایوان سفارش کرتا ہے کہ صدر مملکت ارشد ندیم کو سول ایوارڈ سے نوازیں۔
ارشد ندیم نے ثابت کیا کہ وسائل کی کمی راستہ نہیں روک سکتی، یہ ایوان ارشد ندیم کی سابقہ کامیابی کو بھی احترام سے دیکھتا ہے۔ارشد ندیم کو سول ایوارڈ دینے کی یہ قرارداد قومی اسمبلی کے اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں میں پاکستان کے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے اولمپک کی تاریخ کی سب سے بڑی 92.97 میٹر کی تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو چالیس سال بعد اولمپک میں گولڈ میڈل جتوایا۔