کراچی پر سمندری طوفان’ اسناء ‘ کا خطرہ منڈلانے لگا، آئندہ 6 گھنٹے حساس قرار
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) کراچی پر اسناء سائیکلون کا خطرہ منڈلانے لگا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چھ گھنٹے حساس قرار دے دیے۔
ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات صاحبزاد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسناء نام کا یہ سائیکلون راجستھان پہنچ کر ڈیپ ڈپریشن میں تبدیل ہوا ہے، 1964 کے بعد یعنی ساٹھ سال کے بعد یہ سائیکلون دوبارہ بنا ہے، سائیکلون کراچی میں 200 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے اور یہ آئندہ 6 گھنٹوں میں سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
ڈی جی موسمیات نے مزید کہا کہ اگلے 6 گھنٹوں کے دوران ہوا کا شدید کم دباؤ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے، جس کے نتیجے میں کراچی ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان،ٹنڈو اللہ یار ، مٹیاری، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ، جامشورو، دادو اور شہید بینظیر آباد کے اضلاع میں شدید آندھی اور موسلادھارو شدید طوفانی بارش کا امکان ہے جبکہ بلوچستان کے کچھ علاقے بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔
ڈی جی محکمہ موسمیات صاحبزاد خان نے مون سون بارشوں سے متعلق کہا کہ 2 سے 4 ستمبر تک ایک اور بارشوں کا سلسلہ بالائی علاقوں میں متوقع ہے، تاہم اب سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی، بالائی علاقوں کی طرف اب مون سون اپنا کچھ اثر دکھائے گا، تاہم آئندہ سیزن میں منگلا ڈیم میں واٹر اسٹریس موجود رہے گا۔