محمود اچکزئی کا جو مذاق بانی پی ٹی آئی نے اڑایا، میں ہوتا توادھرکبھی منہ بھی نہ کرتا، حنیف عباسی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئررہنما اورممبرقومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہاہے کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے وزیر اعظم کے خلاف جو زبان استعمال کی اس پر شدید دکھ ہوا، بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کا جو مذاق اڑایا، میں ہوتا تو کبھی ادھر منہ بھی نہ کرتا۔
بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئررہنما اورممبرقومی اسمبلی حنیف عباسی نے کہا کہ ’میں 2002 سے محمود خان اچکزئی کے ساتھ اسمبلی میں آتا رہا ہوں، انہوں نے ایک 2 روز قبل وزیراعظم پاکستان کے خلاف ایک بات کی ہے، اس پربہت دکھ ہوا ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان کے ساتھ میرا انتہائی احترام کا رشتہ ہے لیکن ان کی بات کا دکھ اس لیے ہوا کہ ان کی شخصیت سے ایسی گفتگو زیب نہیں دیتی۔
حنیف عباسی نے ایوان میں محمود اچکزئی کے لیے شعر بھی پڑھا کہ : غیرت ہے بڑی چیز جہانِ تگ و دَو میں!!! پہناتی ہے درویش کو تاجِ سرِ دارا، لیکن جس طرح ان کا مذاق پی ٹی آئی، بانی پی ٹی آئی نے اڑایا تو یقین مانیں مجھے سونے کی کان بھی کوئی دیتا تو میں اُدھرمنہ نہ کرتا۔
انہوں نے کہا کہ میں انہیں کہتا بھائی جان! وزارت عظمیٰ پاس رکھیں، لیڈر آف دی اپوزیشن اپنے پاس رکھیں، ہیرے کی کان اپنے پاس رکھیں لیکن پوری قوم کے سامنے جو آپ نے میرے ساتھ کیا۔ اس وقت کون محمود خان اچکزئی کا ٹاک شوز میں پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر دفاع کرتا تھا، وہ یقیناً ہم لوگ ہی تھے۔