بیروت(قدرت روزنامہ)اسرائیلی حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی لاش تباہ حال عمارت کے ملبے سے 24 گھنٹے بعد مل گئی .
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک طبی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر تصدیق کی ہے کہ حسن نصر اللہ کی لاش ملبے سے نکال لی گئی .
حسن نصر اللہ کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم اب تک حزب اللہ کی جانب سے لاش کے ملنے اور ان کی نماز جنازہ کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے .
ادھر مقامی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ حسن نصر اللہ کی لاش ملنے کے بعد قائدین نے نماز جنازہ سے متعلق فیصلہ کرلیا ہے جس کا اعلان جلد کردیا جائے گا .
گزشتہ روز حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی تھی کہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے تاہم یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ ان کی شہادت کیسے اور کہاں ہوئی .
دوسری جانب اسرائیل نے دعویٰ کیا تھا کہ حسن نصر اللہ کو حزب اللہ کے زیر زمین ہیڈ کوارٹر میں بنکر بسٹر بموں سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں ان کے اہم ترین ساتھی کمانڈر علی کرک بھی مارے گئے .
حزب اللہ نے عارضی طور پر نعیم قاسم کو اپنا عبوری سربراہ مقرر کردیا .