وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دیدی، آئندہ سال سرکاری حج پیکیج کتنا ہوگا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کی منظوری دے دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے حج پالیسی 2025 کی منظوری دی ہے۔
حج پالیسی 2025 کے مطابق آئندہ برس سرکاری سطح پر حج پیکج 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار تک متوقع ہے، جبکہ ایک لاکھ 75 ہزار پاکستانی عازمین حج مقدس فریضہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حج پالیسی کے مطابق حکومت اور پرائیویٹ آپریٹرز میں ہر ایک ک 89 ہزار 605 حجاج کا کوٹہ ملے گا، جبکہ ایک ہزار کے قریب کوٹہ ہارڈ شپ کے لیے اور 300 کے قریب کوٹہ ای او بی آئی کے تحت رجسٹرڈ کم آمدنی والے مزدوروں کے لیے مختص ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ برس کے دوران طویل حج 38 سے 42 دن جبکہ مختصر حج 20 سے 25 دنوں پر محیط ہوگا، جبکہ 12 سال سے کم عمر بچوں کو حج کا سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حج پالیسی 2025 کے مطابق عازمین حج کے لیے سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین لگوانا لازمی ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق روڈ ٹو مکہ سہولت کراچی، لاہور، اسلام آباد ایئرپورٹ پر دی جائے گی۔
اس کے علاوہ پالیسی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محرم کے بغیر خواتین کو حج کرنے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کی شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔