جی ایچ کیو حملہ کیس : عمران خان، شیخ رشید اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) حملہ کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور عوام مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
ہفتے کے روز راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجدعلی شاہ نے 9 مئی کے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی، شیخ رشید، صداقت علی عباسی، راجا بشارت و دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران پولیس نے جی ایچ کیو حملہ کیس کا چالان عدالت میں پیش کیا، عدالت نے چالان کی کاپیاں ملزمان میں تقسیم کردیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت 30 اکتوبر تک ملتوی کردی، 30 اکتوبر کو ہی عمران خان، شیخ رشید اور دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کو سانحہ 9 مئی کے دیگر 13 کیسوں سے الگ کرکے تیزی کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سانحہ 9 مئی کے دیگر 13 مقدمات کی سماعت 4 نومبر کو ہوگی۔