پاکستان میں تیل و گیس کے شعبوں میں طویل مدتی سعودی سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب اور فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس پاکستان کی معیشت کے لئے امید کی نئی کرن بن گئی۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مستقبل میں مزید اقتصادی تعاون کے امکانات بڑھ گئے ۔ پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز اور تیل و گیس کے شعبوں میں طویل مدتی سرمایہ کاری کے مواقع کھل سکتے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس میں شرکت سے پاکستان کو ایک اہم پلیٹ فارم مل گیا۔ سرمایہ کاروں کو توانائی، بنیادی ڈھانچے اور ٹیکنالوجی جیسے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہی ملی۔ خصوصی اقتصادی زونز اور تیل اور گیس کے شعبوں میں طویل مدتی بیرونی سرمایہ کاری کے امکانات میں بھی اضافہ ہوگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ دو طرفہ ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے پاکستان کے اقتصادی استحکام کے لئے حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی دہرایا۔
وزیراعظم کے اس دورے کے نتیجے میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کیلئے ممکنہ مالی امداد اور ادھار تیل کی سہولت کے حصول میں بھی پیش رفت متوقع ہے۔
سعودی حکومت کی ممکنہ مالی امداد اور معاہدے پاکستانی معیشت کو درپیش چیلنجز میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ اگر پاکستان ادارہ جاتی اور قانونی اصلاحات پر توجہ دے تو یہ تعلقات طویل مدتی اقتصادی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔