ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے پر افغان طالبان کا ردعمل کیا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)افغانستان میں طالبان کی عبوری حکومت نے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر امید ظاہر کی ہے کہ امریکا کی امریکا اور افغانستان کے تعلقات میں واضح پیشرفت ہوگی۔
افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امارت اسلامی افغانستان کو امید ہے امریکا کی نئی حکومت حقیقت پسندانہ اقدامات کرے گی اور نئی حکومت کے قیام سے افغانستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔
عبدالقہار بلخی کا کہنا ہے کہ امارت اسلامی افغانستان اور امریکا کے درمیان دوحہ معاہدے پر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورحکومت میں ہی دستخط ہوئے تھے اور افغانستان پر امریکا کا 20 سالہ قبضہ ختم ہوگیا تھا، توقع ہے ڈونلڈ ٹرمپ خطے اور دنیا خصوصاً غزہ اور لبنان میں موجودہ جنگ کے خاتمے کے لیے تعمیری کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکا کے صدارتی انتخابات نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نئے صدر منتخب ہوگئے ہیں، امریکی صدر منتخب ہونے کے لیے درکار538 ووٹوں میں سے ڈونلڈ ٹرمپ نے 277 اور کملا ہیرس نے 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔