24 نومبر کو ہر صورت اسلام آباد پہنچیں گے، علی امین گنڈاپور نے مذاکرات کی خبروں کو رد کردیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے بعد ہی مذاکرات کا عمل شروع ہوگا، اس وقت حکومت سے ہماری کوئی بات چیت نہیں ہورہی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 24 نومبر کا احتجاج ہر صورت ہوگا، اور ہم اسلام آباد پہنچیں گے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ دھمکیوں کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوتے، اس وقت عمران خان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہورہی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی اسلام آباد میں اجازت کے بغیر جلسے جلوس کی اجازت نہیں دے سکتے، چیف جسٹس کا جو بھی آرڈر ہوگا اس پر عملدرآمد کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہاکہ میں ذاتی طور پر ہر کسی سے بات چیت کے حق میں ہوں لیکن دھمکیاں دے کر بات چیت نہیں کی جاسکتی۔
انہوں نے کہاکہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ صرف خاص دنوں میں پی ٹی آئی کیوں احتجاج کررہی ہے، اب انہوں نے ایسے وقت میں احتجاج کی کال دی ہے جب بیلاروس کے صدر پاکستان آرہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں بڑی تعداد افغان شہریوں کی شامل ہوتی ہے، جو ایک سوالیہ نشان ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، چیف سیکریٹری اور آئی جی سے رابطہ رہتا ہے، کیوں کہ وہ صوبے کی ذمہ دار پوزیشنز پر ہیں۔
انہوں نے کہاکہ علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر گوہر نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کی ہے، اگر وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو بالکل بتائیں، لیکن یہ دھمکیوں سے نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہم کسی کو ڈی چوک میں نہیں آنے دیں گے، اس کے علاوہ جو بھی اسلام آباد میں احتجاج کے لیے نکلے گا گرفتار ہوجائے گا کیونکہ دفعہ 144 نافذ ہے، ہم نے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔