24 نومبر احتجاج، بشریٰ بی بی نے ججوں اور وکلا سے شرکت کی اپیل کردی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ججز اور وکلا سے 24 نومبر کے احتجاج میں شرکت کی اپیل کردی۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ عمران خان ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی جدوجہد کررہے ہیں، تو کیا ججز اور وکلا کا فرض نہیں بنتا کہ وہ احتجاج میں شریک ہوں۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کا پیغام ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج میں تمام شعبے ہائے زندگی کے افراد شریک ہوں، کیونکہ جب ہر شخص اس کا حصہ بنے گا تو تحریک کامیاب ہوگی۔
بشریٰ بی بی نے کہاکہ عمران خان قانون کی بالادستی کی جدوجہد میں جیل میں ہیں، انہوں نے فائنل کال کی کامیابی کے لیے بہت سے لائحہ عمل بھیجے ہیں جو وقت آنے پر سامنے لائیں گے۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کہاکہ جو لوگ مذاکرات کے نام پر احتجاج ملتوی ہونے کی باتیں کررہے ہیں، یہ سب پروپیگنڈا ہے، 24 نومبر کو احتجاج ہر صورت ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ 24 نومبر کے احتجاج کی تاریخ صرف اسی صورت میں تبدیل ہوسکتی ہے کہ عمران خان کو جیل سے رہا کیا جائے اور وہ خود باہر آکر عوام کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک کا بچہ بچہ گواہ ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے التجا ہے کہ احتجاج کرنے والے بھی آپ کے بھائی ہیں، ان پر ظلم نہ کریں۔
بشریٰ بی بی نے کہاکہ عمران خان کا بھی دل کرتا ہے کہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزاریں اور گھر پر رہیں، لیکن وہ قوم کی خاطر جیل کی کال کوٹھڑی میں بند ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عدالتوں میں پٹیشنز دائر کی جارہی ہیں کہ پی ٹی آئی کو احتجاج سے روکا جائے، اس ظلم کو بند کرنا ہوگا، یزید مت بنیں، وہ بھی ایک مسلمان تھا لیکن انا میں آکر اس نے ظلم کیا۔
عمران خان کی اہلیہ نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ جیل سے باہر آکر کسی سے کوئی بدلہ نہیں لیں گے، وہ بالکل کلیئر ہیں کہ طاقت آکر کسی سے بدلہ لینا اللہ کی ناراضی کو مول لینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہاکہ جو بھی آکر یہ پیغام دے رہا ہے کہ عمران خان باہر آکر بدلہ لے گا، اور غصے میں وہ غلط بیانی کررہا ہے۔
بشریٰ بی بی نے کہاکہ پورے پاکستان کے سیاسی نظام میں عمران خان ایسے ہیں جیسے کیچڑ میں کنول کا پھول ہو۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کے حکمران کرسیوں کی جنگ لڑرہے ہیں، جبکہ عمران خان ملک میں حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے کہاکہ ہم پر الزام ہے کہ آپ کے لوگ الجہاد الجہاد کے نعرے لگا رہے ہیں، تو ہم نے کسی کارکن کو یہ ہدایت نہیں دی، یہ سب لوگوں کے دلوں سے نکل رہا ہے۔
عمران خان کی اہلیہ نے کہاکہ میں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام آپ تک پہنچا دیا ہے، اب آپ پر منحصر ہے کہ حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلنا ہے یا نہیں۔