کوئٹہ انتظامیہ کا شہر بھر میں پٹرول رکشوں پر مکمل پابندی کا فیصلہ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور چیئرمین ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) محمد حمزہ شفقات نے کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور ٹریفک کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے فور اسٹروک پیٹرول رکشوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت شہر بھر میں کسی بھی روٹ پر فور اسٹروک پٹرول رکشوں کی نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کے ساتھ ساتھ کمشنر کوئٹہ نے عوامی سہولت اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے الیکٹرک شٹل سروسز کے آغاز کی منظوری بھی دی ہے۔ یہ سروس جدید اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گی اور شہر کی فضا کو آلودگی سے پاک رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے کہا یہ فیصلہ شہریوں کو جدید اور محفوظ سفری سہولت فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ الیکٹرک شٹل سروس نہ صرف ماحول کے لیے بہتر ہے بلکہ یہ شہریوں کے لیے ایک آسان، محفوظ اور کم خرچ سفری سہولت بھی فراہم کرے گی۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ شہری اس اقدام کو مثبت انداز میں لیں گے اور تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ڈویژنل انتظامیہ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکٹرک شٹل سروسز کے لیے مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی اور روٹ پلاننگ کو جلد حتمی شکل دی جائے گی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی فیصلے پر عمل درآمد میں مکمل تعاون کریں اور کوئٹہ کو صاف ستھرا اور ماحولیاتی طور پر محفوظ شہر بنانے میں کردار ادا کریں۔ اس حوالے سے مزید معلومات کے لیے آر ٹی اے کوئٹہ کیدفتر سے رابطہ کریں۔