واٹس ایپ پر انتہائی مفید اور دلچسپ فیچر کی آزمائش شروع


کیلیفورنیا(قدرت روزنامہ)واٹس ایپ پر انتہائی مفید اور دلچسپ فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ پر نہ پڑھے جانے والے میسیجز کو ہائی لائٹ کرنے سمیت ان کا نوٹیفکیشن صارف کو بھیجنے کے فیچر کی آزمائش شروع کر دی گئی۔
مذکورہ فیچر کے تحت واٹس ایپ کا الگورتھم صارف کو نوٹیفکیشن بھیج کر خبردار کرے گا کہ اس نے فلاں نمبر سے آنے والے میسیج کو نہیں دیکھا اور نہ ہی پڑھا ہے۔
فیچر کے تحت از خود نہ پڑھے جانے والے میسیجز ہائی لائٹ بھی ہوجائیں گے، تاہم اس کے باوجود اگر صارف کسی میسیج کو خاص وقت تک نہیں دیکھتا تو سسٹم اسے نوٹیفکیشن بھیج کر آگاہ کرے گا، مذکورہ فیچر فیس بک یا انسٹاگرام میں پوسٹ پر کمنٹس کے بعد موصول ہونے والے نوٹیفکیشن کی طرح کام کرے گا اور صارف کو واٹس ایپ پر نوٹیفکیشن ملے گا کہ اس نے فلاں میسیج نہیں پڑھا۔
مذکورہ فیچر کے تحت واٹس ایپ کا الگورتھم ایسی چیٹس کے نہ پڑھے جانے والے میسیجز سے متعلق خصوصی طور پر جلد نوٹیفکیشن بھیجے گا، جن چیٹس پر صارف زیادہ میسیجز کرتے ہوں گے۔
اس سے قبل واٹس ایپ پر سٹیٹس اپڈیٹ کے نوٹیفکیشن بھیجنے کی آزمائش بھی شروع کی گئی تھی۔
دونوں فیچر کی آزمائش محدود اینڈرائیڈ صارفین پر کی جا رہی ہے، دوسرے مرحلے میں ان کی آزمائش کو بڑھا دیا جائے گا جس کے بعد انہیں پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ دونوں فیچرز کو آئندہ برس کے آغاز میں متعارف کرادیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔