پارا چنار ؛ 2 قبائل میں لکڑیاں کاٹنے پر ہونے والا جھگڑا 8 جانیں لے گیا

پارا چنار (قدرت روزنامہ) پارا چنار میں 2 قبائل میں لکڑیاں کاٹنے پر ہونے والا جھگڑا 8 جانیں لے گیا . تفصیلات کے مطابق پارا چنار میں پاک افغان سرحد کے قریب دو قبائل کے مابین جنگلات کے تنازع پر فائرنگ کے تبادلے میں 8 افراد جاں بحق ہو گئے ، واقعے سے متعلق پولیس نے بتایا ہے کہ پیواڑ اور گیدو میں جنگل کے تنازع پر قبائلی تصادم دو دن تک جاری رہا جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 8 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے .

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم طاہر اقبال نے کہا ہے کہ فریقین کے مابین فائرنگ جنگل سے لکڑیاں کاٹنے پر ہوئی ، واقعے کے بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ہے ، فائربندی اور مورچے خالی کروانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں . دوسری طرف صوبہ سندھ کے علاقے کندھ کوٹ میں چاچڑ قبیلے سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے 9 افراد کو زمان چاچڑ گاؤں میں سبزوئی اور جاگیرانی قبیلوں کے مسلح افراد نے مبینہ طور پر قتل کردیا ، پیپلز پارٹی کے ایم پی اے اور سردار میر عابد خان سندرانی ، سابق ایم پی اے اور سابق ضلعی کونسل چیئرمین سردار محبوب علی خان بجارانی ، کندھ کوٹ کے ڈپٹی کمشنر منور علی مٹھیانی، ایس ایس پی کندھ کوٹ امجد شیخ اور دیگر قابل ذکر افراد اور سرداروں نے بھی ترک مہمان سے تعزیت کی اور مقتول کے ورثا کے ساتھ غم اور ہمدردی کا اظہار کیا . پی پی پی کے ایم پی اے سردار میر عابد خان سندرانی نے چاچڑ برادری کے لواحقین اور نامور افراد سے تعزیت کی اور کہا کہ افسوسناک واقعے پر انہیں دکھ ہے اور اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، اُن کا کہنا تھا کہ میں مظلوموں کا حامی ہوں، جاری قبائلی تنازع کے خاتمے کے لیے تمام سرداروں، میروں اور پیروں کو مشترکہ طور پر آواز اٹھانا ضروری ہے ، انہوں نے ایس ایس پی کندھ کوٹ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ واقعے میں ملوث مجرمان کے خلاف فوری کارروائی کریں . سندھ ترقی پسند پارٹی کے صدر محمد اکرم بجکانی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں ہفتے کے روز جاگیرانی اور سبزوئی قبائل کے مسلح افراد نے گاؤں میں چاچڑ برادری پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک ہوئے ، درانی مہر تھانے کی حدود میں کچے کے علاقے میں واقع زمان چاچڑ گاؤں ہفتے کے روز جنگ کا میدان بنا ہوا تھا ، واقعے کے بعد حملہ آور جائے وقوع سے فرار ہوگئے . قتل ہونے والے افراد میں چاچڑ برادری سے تعلق رکھنے والے نو افراد، حامد، خالق، حضورو، راحب، شعبان، شاہ مراد، منظور، انور اور اللہ وڑایو شامل ہیں جبکہ ذوالفقار چاچڑ واقعے میں زخمی ہوگئے جنہیں سول اسپتال کندھ کوٹ منتقل کیا گیا لیکن ان کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے بعد ازاں انہیں دوسرے اسپتال منتقل کردیا گیا . . .

متعلقہ خبریں