وفاقی کابینہ میں توسیع کا امکان، سب سے نمایاں چہرہ کون سا ہوگا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نئے سال کے آغاز پر وفاقی کابینہ میں رد و بدل اور توسیع کا امکان، اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا گیا۔
وفاقی حکومت نے کابینہ میں رد و بدل اور توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے، اس حوالے سے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف متحرک ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ میں تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ اس میں توسیع کے لیے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لے لیا ہے، جب کہ اس سلسلے میں قائد نون لیگ میاں نوازشریف سے مشاورت بھی مکمل ہوگئی ہے۔
کابینہ میں یہ تبدیلی اور توسیع نئے سال کے ساتھ ہی پہلے ماہ میں عمل میں آجائے گی۔
کابینہ میں نیا چہرہ
میڈیا رپورٹ کے مطابق کابینہ میں توسیع کا فیصلہ روبہ عمل ہونے پر سب نمایاں چہرہ ڈاکٹر سید توقیر شاہ کا کا ہوگا، جو ان دنوں عالمی بینک میں ایگزیکٹو ڈائریکٹرکے طور پر ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے انہیں وطن واپس آنے اور وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے قبول کر لیا ہے۔
ڈاکٹر سید توقیر شاہ وفاقی کابینہ میں مکمل وزیر کے درجے پر فائز ہوں گے، انہیں وزیراعظم کامعاون خصوصی مقرر کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ فی الوقت 18 ارکان پر مشتمل ہے جبکہ حکومت کے قلم دانوں کی مجموعی تعداد 33ہے۔ ان میں 2 وزرائے مملکت، 3 خصوصی معاونین اور ایک مشیر وفاقی حکومت بھی شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جن افراد کو ذمہ داریاں سونپے جانے کا امکان ہے ان میں بیرسٹر عقیل ملک، سینیٹر طلال چوہدری، اقلیتی سینیٹر خلیل طاہر سندھو، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور حنیف عباسی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ موجودہ مخلوط حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد وفاقی کابینہ میں یہ پہلی بڑی توسیع ہوگی۔