ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی بہتری
روپیہ 10 پیسے کی بہتری سے 278.72 روپے پر آگیا

کراچی (قدرت روزنامہ)انٹر بینک مارکیٹ میں بدھ کو ڈالرکے مقابلے روپے کی قدر میں معمولی بہتری دیکھی گئی۔
انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کے ابتدائی سیشن کے دوران ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 0.04 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ڈالر کے مقابلے روپیہ 10 پیسے کی بہتری سے 278.72 روپے پر آگیا۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق منگل کو روپیہ 278.82 پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب بین الاقوامی سطح پر بدھ کو ڈالر غیر فیصلہ کن تجارت میں معمولی کمی کا شکار ہوا کیونکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے محصولات کے منصوبوں پر وضاحت کی کمی نے مالیاتی مارکیٹوں کو متذبذب رکھا۔
ٹرمپ نے منگل کو وائٹ ہاؤس میں کہا تھا کہ ان کی انتظامیہ یکم فروری کو چین سے درآمد کی جانے والی اشیا پر 10 فیصد ٹیرف عائد کرنے پر غور کررہی ہے، اسی دن اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ میکسیکو اور کینیڈا کو تقریبا 25 فیصد محصولات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید تفصیلات فراہم کیے بغیر یورپی درآمدات پر بھی محصولات عائد کرنے کا عہد کیا۔
ان دھمکیوں کے باوجود ٹرمپ کے دفتر سنبھالنے کے پہلے دن سے ہی مخصوص منصوبوں کی کمی کی وجہ سے امریکی ڈالر نے ہفتے کا آغاز اہم کرنسیوں کے مقابلے میں 1.2 فیصد کمی کے ساتھ کیا۔ یورو، ین اور چار دیگر بڑے حریفوں کے مقابلے میں کرنسی کو ٹریک کرنے والا امریکی ڈالر انڈیکس 0.14 فیصد کی کمی کے ساتھ 108 پر تھا۔