منظور وسان کی ملکی سیاست سے متعلق نئی پیش گوئیاں
(قدرت روزنامہ)پی پی پی رہنما اور سندھ کے مشیر زراعت منظور وسان نے ملکی سیاست سے متعلق نئی پیشگوئیاں کر دی ہیں۔
منظوروسان کا کہنا ہےکہ سلیکٹرز کا وقت گیا اب الیکٹڈ کاوقت ہے، سلیکٹرزاب نمازپڑھیں۔
انہوں نے کہاکہ یہ مہینہ مجھے خطرناک لگ رہا ہے،الیکشن ہونگے جس کی جتنی سیٹیں ہونگی اس کے بعد طے کیا جائے گا کہ کس کو حکومت دینی ہے کس کو نہیں۔
منظور وسان نے کہاکہ ہوسکتا ہےکہ آئندہ سیٹ اپ میں پی پی پی اور ن لیگ حکومت اکٹھےکریں، یا پھر اپوزیشن میں بھی بیٹھ سکتے ہیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ مجھے کپتان کا فیوچر خراب اور کھلاڑیوں کا فیوچر اچھا نظر آرہا ہے، کچھ وزرا عمران خان کے فیصلوں سے متفق نہیں ہیں، میں نے دیکھا ہےکہ مشکل وقت میں اپنے بھی ساتھ چھوڑ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کشتی ڈوبنےوالی ہوتی ہے تو اپنے بہانہ بناکر جاتے رہتے ہیں، مجھے پی ٹی آئی کا حشر بہت خراب نظر آرہا ہے، پی پی پی اس بار پنجاب، کے پی اوربلوچستان سےبھی جیتے گی۔
منظور وسان نے مزید کہاکہ تبدیلی کی ابتدا ہمیشہ بلوچستان سے ہوئی، اس کے بعد پنجاب اور پھرمرکز کی باری آنے والی ہے۔
اس سے قبل پی پی رہنما نے کہا تھا کہ 5 سال پہلے پیش گوئی کی تھی کہ بیوروکریٹس، سول، جنرل اور سیاسی لوگوں کے احتساب کا سلسلہ چلے گا۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ سسٹم ملک نہیں چلاسکتا، پنڈورا پیپرز لیکس ہونے کے بعد حکومت کی وضاحتیں آنا کچھ تو دال میں کالا ہے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ایسا نہ ہوکہ نواز شریف جیسا حشر عمران خان کے ساتھ ہو، پنڈورا پیپرز میں ملوث وزرا کو عمران خان فارغ نہیں کرے گا، اگر کرے گا بھی تو چار پانچ دن کے لیے، عمران خان پنڈورا پیپرز میں شامل اپنے وزرا کو کلین چٹ دے گا۔
