حکومت نے آئندہ15 روز میں ڈینگی کیسز میں واضح کمی کیلئے اقدامات شروع کردیے

لاہور(قدرت روزنامہ) حکومت پنجاب نے آئندہ پندرہ روز میں ڈینگی کیسز میں واضح کمی کیلئے اقدامات شروع کردیے، وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے نومبر کا مہینہ انتہائی اہم ہے، انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کو تیز کیا گیا ہے، ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز اپنا کردارادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر میں ڈینگی پر قابو پانے کیلئے ٹیکنیکل ورکنگ گروپ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹراحمدجاویدقاضی،سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرعمران سکندربلوچ، پروفیسرڈاکٹر محمود شوکت، سپیشل سیکرٹری صالحہ سعید،ڈاکٹروسیم اختر،ڈی جی ہیلتھ سروسزپنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیر، کنسلٹنٹ ڈاکٹراسداسلم خان، ڈاکٹر شاہد مگسی، سی ای اولاہور، ایڈیشنل سیکرٹریزومتعلقہ افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اجلاس کے دوران صوبہ بھرمیں ڈینگی کی صورتحال کاجائزہ لیا۔محکمہ صحت کے دونوں سیکرٹریزعمران سکندر بلوچ اور ڈاکٹراحمد جاوید قاضی نے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو ڈینگی کے تدارک کیلئے انسدادی کارروائیوں، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد، طبی سہولیات اور اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں ڈینگی کے تدارک کیلئے تمام تروسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں اور ڈینگی پرقابوپانے کیلئے حکمت عملی تبدیل کررہے ہیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے روزانہ کی بنیادپرطبی سہولیات میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ ڈینگی پر قابوپانے کیلئے نومبرکا مہینہ انتہائی اہم ہے۔ لاہور کی تمام یونین کونسلزمیں انسداد ڈینگی مہم کی سرگرمیوں کو تیزکرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ڈینگی پر قابوپانے کیلئے تمام متعلقہ محکمہ جات کو محنت کرنا ہوگی۔
اگلے پندرہ روز میں ڈینگی کے کیسز میں واضع فرق لانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ڈینگی سے متاثرہ گھروں اور علاقہ جات کی سرویلنس سخت کی جائے گی۔ لاہور کی تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز کو انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرزکو ڈینگی کے تدارک کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔
لاہورکے ڈی ایچ اے، واپڈا ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن اور ویلنشیاء سے ڈینگی کے زیادہ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔ فوگنگ صبح اور شام میں مسلسل کی جارہی ہے۔ ڈینگی سے متاثرہ گھروں کے اردگرد انسداد ڈینگی سپرے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج کیلئے ڈاکٹرز کا مورال بلند ہے۔ انشاء اللہ کورونا کی طرح ڈینگی کی صورتحال پرجلد قابو پالیں گے۔ کورونا کی موجودہ صورتحال میں ڈینگی کی ٹیمیں بہترین فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ ڈینگی کے خاتمہ کیلئے حکومت کے ساتھ عوام کو بھی ماحول صاف ستھرارکھ کر اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ پنجاب میں کورونا اور ڈینگی کے مکمل خاتمہ کیلئے متحد ہیں۔

WhatsApp
Get Alert