رمضان کی آمد سے قبل چینی کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو پانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے اور جیسے جیسے رمضان قریب آ رہا ہے مہنگائی مزید شدت اختیار کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی قیمت 165 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے جبکہ ذخیرہ اندوز مافیا منافع خوری میں مصروف ہے۔ تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ملک بھر میں چینی 160 سے 165 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
کراچی،راولپنڈی اور لاڑکانہ 160 روپے فی کلو،اسلام آباد اور پشاور میں 165 روپے فی کلو،لاہور، ملتان اور کوئٹہ میں 155 روپے فی کلو، سیالکوٹ اور بنوں میں 158 روپے فی کلوروپے چینی فروخت ہورہی ہے۔
فیصل آباد اور خضدار میں 155 روپے فی کلو جبکہ حیدرآباد اور سکھر میں چینی 150 روپے فی کلو اور ملک بھر میں چینی کی اوسط قیمت بڑھ کر 155.27 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔
چینی مافیا حسبِ روایت رمضان سے قبل ناجائز منافع خوری میں مصروف ہے۔ اگر حکومت نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی نہ کی تو رمضان میں چینی کی قیمتیں مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
عوام حکومت سے فوری اقدامات کی توقع کر رہے ہیں تاکہ روزمرہ استعمال کی اس بنیادی ضرورت کو عام شہریوں کی پہنچ میں رکھا جا سکے۔