اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 15 نکاتی ایجنڈے میں11 نکات کی منظوری دے دی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 15 نکاتی ایجنڈے میں11 نکات کی منظوری دے دی، اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مضرصحت مشروبات اور تمباکو پر ٹیکس لگانے کی سمری مئوخر کردی، بجلی کی فیول ایڈجسٹمنٹ اور پاک فضائیہ کے اہلکاروں کیلئے سیکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی سمری کی منظور کرلی گئی۔ ذرائع ہم نیوز کے مطابق وزیراقتصادی امور عمر ایوب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
ای سی سی نے 15 نکاتی ایجنڈے میں سے 11 نکات کی منظوری دے دی ہے۔ مضرصحت میٹھے مشروبات اور تمباکو پر ٹیکس لگانے کی سمری موخر کردی۔ کھاد کے کارخانوں کیلئے لیٹ پیمنٹ سرچارج کی سمری منظور کرلی گئی۔ پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن کیلئے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ اور پاورڈویژن کے اخراجات کیلئے 3 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔
بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی سمری منظور کرلی گئی، گندم کی درآمد سے متعلق چھٹا ٹینڈر کھولنے کی منظوری موخر کردی گئی ہے۔
افغانستان کو گندم کی فراہمی کی سمری بھی منظور کرلی گئی، ورلڈ فوڈ پروگرام کی اسٹریٹجی کے تحت گندم افغانستان کو برآمد ہوگی، پاک فضائیہ کے اہلکاروں کیلئے سیکیورٹی ڈیوٹی الاؤنس کی سمری کی منظوری دی گئی۔ خیبرپختونخوا کے تیل و گیس نکالنے والے اضلاع میں گیس نیٹ ورک کی بحالی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں اسٹریٹجک اسٹیٹ پالیسی فریم ورک کی بھی منظوری دیدی گئی، احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کی سمری موخر کردی گئی۔
مزید برآں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گیس سیکٹر کے مسائل کے حل کیلئے 3 ماہ میں 3 اہم فیصلے کیے گئے، نئے گھریلو گیس اسکیموں پر پابندی لگا دی گئی، یہ پابندی درآمدی اور مقامی گیس کی اوسط قیمت کے تعین تک لگائی گئی ہے، نئے 2 ایل این جی ٹرمینلز کیلئے تھرڈ پارٹی رسائی دی گئی، پاک روس گیس پائپ لائن منصوبے کے معاہدوں میں تیزی لائی گئی ہے۔
