بلاول بھٹو پاکستان کے ترجمان بن گئے، دنیا کو قومی موقف سے آگاہ کریں گے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیراعظم کی جانب سے بھارتی جارحیت کو اجاگر اور پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کرنے کی پیش کش کو قبول کرلیا۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے بھارتی جارحیت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلیے بلاول بھٹو کی قیادت میں سابق وزرائے خارجہ کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔
یہ کمیٹی دنیا بھر کے دورے کر کے بھارتی جارحیت، سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے پاکستان کے موقف اور تحفظات سے عالمی برادری کو آگاہ کرے گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آج مجھ سے رابطہ کیا اور درخواست کی کہ میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کروں اور دنیا میں امن کا موقف پیش کروں۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ میں نے وزیراعظم کی درخواست کو قبول کرلیا اور مجھے عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کی ذمہ داری قبول کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے مزید لکھا کہ میں ان مشکل حالات میں پاکستان کی خدمت کے لیے پرعزم ہوں۔
دوسری طرف بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد کے ارکان کے نام سامنے آگئے، وفد میں حنا ربانی کھر، سینیٹر شیری رحمان، ڈاکٹر مصدق ملک، خرم دستگیر، فیصل سبزواری اور دیگر شامل ہیں۔
