آرمی چیف کا دورہ ایران، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف سے ملاقات ،علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

تہران (قدرت روزنامہ) چیف آف آرمی اسٹاف (COAS) پاکستان، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، نے جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز تہران، اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف، میجر جنرل محمد باقری سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ بات چیت میں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی جن میں عسکری تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ سرحد پر سیکیورٹی میکانزم کو مؤثر بنانا اور سرحدی علاقوں کو تجارتی و اقتصادی زونز میں تبدیل کرنے کے امکانات شامل تھے۔

یہ اقدامات نہ صرف دو طرفہ تعلقات کو فروغ دیں گے بلکہ خطے میں استحکام اور خوشحالی کا سبب بھی بنیں گے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تہران آمد پر ایرانی مسلح افواج کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا، جس میں چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

قبل ازیں آرمی چیف نے وزیر اعظم پاکستان کے ہمراہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ای اور صدر ایران ایچ ای مسعود پیزشکیان سے بھی ملاقات کی۔ یہ دورہ وزیر اعظم کے ہمراہ تین برادر ممالک — ترکی، ایران اور آذربائیجان — کے سرکاری دورے کا حصہ ہے، جس کا مقصد خطے میں باہمی تعاون اور سفارتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔