بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی وفد نیویارک پہنچ گیا، بھارت کے خلاف مقدمہ پیش کرے گا

نیویارک(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد نیویارک پہنچ گیا ہے، جہاں وہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت کے خلاف پاکستان کا مقدمہ عالمی سطح پر پیش کرے گا۔ وفد دو جون تک نیویارک میں قیام کرے گا۔

نجی ٹی وی چینل آج نیوز ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے ارکان سے اہم ملاقاتیں کرے گا، جن میں حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا جائے گا۔ وفد او آئی سی گروپ کو بھی نیویارک میں خصوصی بریفنگ دے گا۔

چیئرمین بلاول بھٹو منگل کے روز اقوام متحدہ میں صحافیوں کی تنظیم کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان کا مؤقف عالمی میڈیا تک مؤثر انداز میں پہنچانے کی حکمت عملی زیر بحث آئے گی۔

تین جون کو بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد واشنگٹن روانہ ہو گا جہاں وہ چھ جون تک قیام کرے گا۔ واشنگٹن میں وفد امریکی حکام، تھنک ٹینکس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ پاکستانیوں، صحافیوں اور ماہرین سے بھی ملاقاتیں اور تبادلہ خیال کرے گا۔