ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ حملے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ حملے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں،ایران کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے، جو کہ اس کے شہریوں کے حق و حفاظت کی ضمانت دیتا ہے۔گورنر نے ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی سمجھتے ہوئے اس کی مذمت کرنے کے پاکستان کے دیرینہ موقف کو دہرایا۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کسی بھی ملک کی خودمختاری کے خلاف اس طرح کے غیرذمہ دارانہ رویوں اور جارحانہ ذہنیت سے عالمی امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔گورنر مندوخیل نے اس مشکل کی اس گھڑی میں برادر ہمسایہ ملک ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایرانی شہروں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی بیتوقیری قرار دیا۔ گورنر مندوخیل نے حالیہ حملوں کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور امن کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کبھی بھی مسائل کا حل نہیں ہوتی اور امید ظاہر کی کہ حالات جلد بہتر ہوں گے جس سے پرامن حل کی راہ ہموار ہوگی۔ انترنشنل قوانین، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کی اہمیت اور تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کیلئے سفارتی کوششوں کی اشد ضرورت ہے.