“عمران خان اور پی ٹی آئی کے پاس معافی کے سوا کوئی راستہ نہیں” منیب فاروق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف تجزیہ نگار اور صحافی منیب فاروق نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پاس اب سوائے ذمہ داری قبول کرنے اور غیر مشروط معافی مانگنے کے کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔
انہوں نے اپنے تازہ تجزیے میں کہا کہ ریاستی اداروں کی ناراضگی کے آگے دلیل، قانون اور انصاف اکثر بے بس ہو جاتے ہیں، اور یہی صورت حال اب عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ بھی درپیش ہے۔
منیب فاروق کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف ریاست کا مؤقف سخت ہے، اور جو کچھ اس دن ہوا، وہ صرف ایک سیاسی احتجاج نہیں بلکہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی قیادت نے وقت پر ذمہ داری قبول نہ کی اور عوام کے سامنے غیر مشروط معافی نہ مانگی تو نہ صرف سیاسی ساکھ کو شدید نقصان پہنچے گا بلکہ قانونی طور پر بھی ان کے لیے معاملات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔
منیب فاروق نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ایسے لمحات کم ہی آتے ہیں جب ریاستی ادارے واضح پیغام دیتے ہیں، اور ایسے وقت میں ہوشیاری یا ضد کا راستہ اپنانا خود کو مزید نقصان پہنچانے کے مترادف ہوتا ہے۔
