ناصر حسین شاہ حلیم عادل شیخ پر برس پڑے ، ایک ہی سانس میں ایسی باتیں کہہ دیں کہ صوبائی اپوزیشن لیڈر آگ بگولہ ہو جائیں
کراچی(قدرت روزنامہ)وزیراطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حلیم عادل شیخ اسمبلی کا ایک ناکام اپوزیشن لیڈر ہے،حلیم عادل شیخ کو اُن کے کرتوتوں اور خراب شہرت کی وجہ سے اپنے لوگ بھی ناپسند کرتے ہیں’چور مچائے شور‘ والا کام حلیم عادل صاحب بہتر کرتے ہیں،پیپلز پارٹی پر نوکریاں بیچنے کا الزام وہ لگا رہے ہیں جو الیکشن میں پارٹی کی ٹکٹیں بیچتے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں اپویشن لیڈر حلیم عادل شیخ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کشمیر میں انتخابات ہار رہی ہے جس کی وجہ سے حلیم عادل چیخ رہے ہیں،سندھ میں صحت کا نظام تمام صوبوں سے بہتر ہے،وزیراعلیٰ سندھ نےصوبےمیں کورونا کےحوالےسےجو اقدامات کیےہیں،انہیں پوری دنیا سراہتی ہے،سندھ کے ہسپتالوں کی بہترین خدمات پورے ملک میں عیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کا کرپشن پر بات کرنا بہت بڑا لطیفہ ہے،لینڈ گریبر اور پرائیویٹ لینڈ پر قبضہ کر کے بھتہ لینے والے کس منہ سے کرپشن کی بات کرتے ہیں ؟پیپلز پارٹی نے ہمیشہ لوگوں کو روزگار دیا جبکہ تحریک انصاف نے وفاقی اداروں میں لوگوں کو بے روزگار کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا احوال تو یہ ہے کہ ایک انجینئر کو اپوزیشن لیڈر شپ سے نکال کر لینڈ گریبر کو لگا دیا،پیپلز پارٹی پر نوکریاں بیچنے کا الزام وہ لگا رہے ہیں جو الیکشن میں پارٹی کی ٹکٹیں بیچتے ہیں، الیکشن چور دوسروں کو چور کہہ کر اپنا گناہ چھپا رہے ہیں،پیپلز پارٹی نے پوری پی ٹی آئی لیڈر شپ کی نیندیں اڑا رکھی ہیں۔
