بلوچستان مون سون بارشیں، پی ڈی ایم اے تیاری مکمل

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)محکمہ پی ڈی ایم اے بلوچستان میں متوقع مون سون بارشوں کے پیش نظر تمام تیاریاں مکمل کر چکا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کی ہدایت پر بارشوں سے قبل ہی تمام احتیاطی اقدامات کرلیے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے فیصل طارق نے بتایا کہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ متعلقہ اضلاع میں ہیوی مشینری بھی پہنچا دی گئی ہے تاکہ فوری طور پر امدادی کارروائیاں کی جا سکیں۔
فیصل طارق کے مطابق صوبے کے چھ ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں تعمیراتی عمل مکمل ہو چکا ہے اور امدادی سامان بھی جلد ان مقامات پر پہنچا دیا جائے گا۔ ہیڈکوارٹرز اپنے متعلقہ اضلاع میں فوری طور پر امدادی سامان پہنچائیں گے تاکہ ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔
ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کے قیام سے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز میں مزید معاونت حاصل ہوگی، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں یہ ہیڈکوارٹرز متاثرہ اضلاع میں فوراً کارروائی کر سکیں گے۔ فیصل طارق یوسفزئی نے مزید بتایا کہ پی ڈی ایم اے کا کنٹرول 24 گھنٹے فعال رہے گا۔
