وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا اعلیٰ سطحی اجلاس، غیر معیاری کام پر برہمی کا اظہار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہنہ روڈ، سبی تا تھڑی کوہلو روڈ سمیت مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ہنہ روڈ اور سبی تا تھڑی کوہلو روڈ جیسے اہم منصوبے رواں سال مکمل کر لیے جائیں گے، جبکہ رواں مالی سال کے دوران صوبے کی 27 اہم شاہراہوں کیلئے 27 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
سیکرٹری مواصلات نے اجلاس کو بتایا کہ ناقص معیار اور تاخیر کا شکار منصوبوں پر سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے 56 تعمیراتی فرمز کو بلیک لسٹ کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تمام منصوبے بروقت اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوانس ادائیگی اور مالی نظرثانی کا کلچر ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی افسر نے ایڈوانس ادائیگی کی تو اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ ایسے افسران معطلی اور برطرفی کے لیے تیار رہیں۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ وسائل کی بروقت فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ منصوبوں کی تکمیل متعلقہ محکموں کی ذمہ داری ہے۔
زمری روڈ منصوبے میں تاخیر پر وزیر اعلیٰ نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور حکم دیا کہ اگر آئندہ 20 روز میں کام شروع نہ ہوا تو متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
