وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی 16 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب میں شرکت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 16 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور کامیاب اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “ریاست سے بے لوث محبت اور پاکستانیت کا فروغ قومی یکجہتی کا ضامن ہے”۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کا حقیقی تصور اجاگر کرنا ملکی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تاثر اور حقیقت کے فرق کو سمجھیں کیونکہ یہ ایک باشعور معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ “نوجوان مشاہدے، تحقیق اور تجزیے کے ذریعے درست بیانیہ اپنائیں” اور ریاستی اداروں سے ہم آہنگی اور آئین و قانون کی پاسداری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیر اعلیٰ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “ہر نوجوان کو اپنی صلاحیتیں وطن کی خدمت کے لیے وقف کرنی چاہییں” اور نیشنل ورکشاپ کو صرف ایک اختتام نہ سمجھیں بلکہ اسے فکری تحقیق کے سفر کا آغاز سمجھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ورکشاپ میں حاصل کردہ سیکھ اور تجربات کو زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نیشنل ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ ایک اہم قدم ہے جو بلوچستان کے نوجوانوں کو نئی راہوں کی طرف رہنمائی فراہم کرے گا۔

WhatsApp
Get Alert