فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کیا ہے؟ جانیں نادرا سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا طریقہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (FRC) نادرا کی جانب سے جاری کردہ ایک باضابطہ دستاویز ہے جو خاندان کے بنیادی ڈھانچے کو ظاہر کرتی ہے جیسا کہ نادرا کے ریکارڈ میں موجود ہوتا ہے۔ اگرچہ یہ سرٹیفکیٹ قانونی حیثیت نہیں رکھتا تاہم اکثر اوقات ویزہ درخواستوں، سفارتخانوں کے امور اور دیگر سرکاری معاملات میں اس کی ضرورت پیش آتی ہے۔
FRC کی تین اقسام ہیں؛
بذریعہ پیدائش، جس میں والدین اور بہن بھائی شامل ہوتے ہیں
بذریعہ شادی، جس میں شوہر/بیوی اور بچوں کو شامل کیا جاتا ہے
بذریعہ گود لینے (ایڈاپشن)، جس میں گود لیے گئے بچوں اور سرپرست کا اندراج ہوتا ہے
درخواست گزار کے لیے ضروری ہے کہ سرٹیفکیٹ میں شامل تمام افراد نادرا میں رجسٹرڈ ہوں اور ان کے پاس 13 ہندسوں پر مشتمل شناختی نمبر موجود ہو۔ غیر رجسٹرڈ افراد کا اندراج ایف آر سی میں نہیں کیا جا سکتا۔
ایف آر سی حاصل کرنے کے دو طریقے موجود ہیں؛
1. نادرا رجسٹریشن سینٹر کے ذریعے (NRC)
قریبی نادرا دفتر جا کر درج ذیل طریقہ اپنائیں
پیدائش یا شادی (چھوٹے بچوں کے ساتھ)
مرکز میں پہنچ کر ٹوکن حاصل کریں
نابالغ بچے ساتھ لے جانا لازمی ہے تاکہ ان کی تصویر لی جا سکے
ڈیٹا کی تصدیق کے بعد فوری طور پر ایف آر سی جاری کر دیا جاتا ہے
شادی (بالغ بچوں کے ساتھ)
صرف درخواست گزار کی موجودگی کافی ہوتی ہے
بچوں کو ساتھ لانے کی ضرورت نہیں
سرٹیفکیٹ وہیں جاری کر دیا جاتا ہے
ایڈاپشن (گود لینے کی صورت)؛
21 سال سے کم عمر گود لیے گئے بچوں کو ساتھ لانا ضروری ہے
دیگر مراحل وہی رہیں گے جو دیگر اقسام میں اپنائے جاتے ہیں
2. پاک آئیڈنٹیٹی موبائل ایپ کے ذریعے (آن لائن طریقہ)؛
اگر آپ نادرا دفتر جانے سے بچنا چاہتے ہیں تو نادرا کی Pak Identity موبائل ایپ کے ذریعے بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ اس طریقے سے ایف آر سی کی ڈیجیٹل کاپی پی ڈی ایف فارمیٹ میں آپ کے ای میل پر تقریباً 24 گھنٹوں میں بھیج دی جاتی ہے۔
درکار دستاویزات؛
خاندان کے تمام افراد کے شناختی نمبر (CRC، CNIC، NICOP یا POC)
نادرا ریکارڈ کے مطابق درست ناموں کی اسپیلنگ
18 سال سے کم عمر بچوں کی تصاویر
نوٹ؛ جو افراد نادرا میں رجسٹرڈ نہیں یا جزوی طور پر رجسٹرڈ ہیں ان کا نام ایف آر سی میں شامل نہیں ہوسکے گا۔ اگر خاندان میں کوئی شخص پاکستان اوریجن کارڈ رکھتا ہے تو وہی اس درخواست کا آغاز کر سکتا ہے۔
اہم ہدایات؛
ایف آر سی صرف پی ڈی ایف فارمیٹ میں جاری کیا جاتا ہے
صرف انگلش اسپیلنگ میں درستگی کی اجازت ہوتی ہے مکمل نام میں تبدیلی ممکن نہیں
مزید معلومات کے لیے قریبی نادرا سینٹر سے رجوع کریں یا Pak Identity ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
