پی ٹی اے کی منظوری! پاکستان میں آئی فون 17 سیریز کی فروخت شروع، قیمتیں جانتے ہیں؟


کراچی(قدرت روزنامہ)ایپل کے مداحوں کے لیے خوشخبری، پاکستان میں طویل انتظار کے بعد آئی فون 17 سیریز باضابطہ طور پر متعارف کرا دی گئی ہے۔
ملک میں ایپل کے واحد مستند ڈسٹری بیوٹر مرکنٹائل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئی فون کے تمام نئے ماڈلز اب ملک بھر میں اپنے شراکتی نیٹ ورک کے ذریعے دستیاب ہیں۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ تمام فونز پی ٹی اے سے منظور شدہ ہیں اور صارفین کو علیحدہ سے رجسٹریشن فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اس نئی سیریز میں آئی فون 17، آئی فون 17 پرو، آئی فون 17 پرو میکس اور جدید ترین الٹرا سلم ماڈل آئی فون ایئر شامل ہیں۔
مرکنٹائل کے مطابق یہ تمام ڈیوائسز آفیشل وارنٹی اور آفٹر سیلز سروس کے ساتھ دستیاب ہوں گی، تاکہ خریداروں کو خریداری کے بعد مکمل اطمینان حاصل ہو۔
قیمتوں کے اعلان کے مطابق آئی فون 17 کا 256 جی بی ماڈل 399000 روپے اور 512 جی بی ورژن 482500 روپے میں دستیاب ہوگا۔
آئی فون 17 پرو کے ماڈلز میں 256 جی بی کی قیمت 520500 روپے، 512 جی بی کی 603500 روپے اور ایک ٹی بی کی قیمت 686500 روپے رکھی گئی ہے۔
آئی فون 17 پرو میکس کی قیمتیں 565000 روپے سے شروع ہو کر دو ٹی بی ماڈل کے لیے 898500 روپے تک پہنچتی ہیں۔ اسی طرح آئی فون ایئر کا 256 جی بی ماڈل 480000 روپے، 512 جی بی 563000 روپے اور ایک ٹی بی ماڈل 646500 روپے میں دستیاب ہے۔
ڈیزائن اور کارکردگی کے لحاظ سے یہ سیریز کئی نئی خصوصیات کے ساتھ سامنے آئی ہے۔ تمام ماڈلز میں سیریمک شیلڈ 2 تحفظ، یو ایس بی-سی پورٹ اور آئی پی 68 واٹر ریزسٹنس کی سہولت شامل ہے۔
اسکرین کا سائز آئی فون 17 اور 17 پرو میں 6.3 انچ سے لے کر پرو میکس میں 6اعشاریہ 9 انچ تک ہے، جو 1 سے 120 ہرٹز تک کے ایڈاپٹیو ریفریش ریٹ اور 460 پکسل فی انچ ڈینسٹی کے ساتھ دستیاب ہیں۔
ان ماڈلز میں طاقتور اے 19 بایونک اور اے 19 پرو چپس شامل کی گئی ہیں جو زیادہ کارکردگی، بہتر کولنگ اور جدید جی پی یو صلاحیتیں فراہم کرتی ہیں۔
فوٹوگرافی اور ویڈیوگرافی کے شوقین صارفین کے لیے پرو ماڈلز میں ٹیلی فوٹو لینز اور 4 کے ویڈیو ریکارڈنگ (120 ایف پی ایس تک) کی سہولت موجود ہے جبکہ تمام ماڈلز میں 18 میگا پکسل فرنٹ کیمرہ سینٹر اسٹیج فیچر کے ساتھ دیا گیا ہے۔
بیٹری لائف میں بھی بہتری لائی گئی ہے جو آئی فون ایئر پر 27 گھنٹے جبکہ آئی فون 17 پرو میکس پر 39 گھنٹے تک ہے۔ تمام ماڈلز فاسٹ چارجنگ اور میگ سیف وائرلیس چارجنگ کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ ای سم کی سہولت، پرو ماڈلز میں لائیڈار سینسرز اور پاکستان کے بڑے نیٹ ورکس کے لیے بہتر 5 جی کنیکٹیویٹی بھی فراہم کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert