سیکیورٹی فورسز نے گل بہادر گروپ کا خودکش حملہ ناکام بنا دیا، 4 دہشتگرد ہلاک، خواتین اور بچے جاں بحق
خارجی دہشت گرد گل بہادر افغانستان میں افغان طالبان کی سرپرستی میں چھپا ہوا ہے، سیکیورٹی ذرائع

نارتھ وزىرستان(قدرت روزنامہ)سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ خودشک دھماکے میں تین خواتین اور دو بچے جاں بحق ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خودکش حملے کو ناکام بنایا، جس سے ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق گل بہادر گروپ سے تھا، جس نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خارجی دہشت گرد گل بہادر افغانستان میں افغان طالبان کی سرپرستی میں چھپا ہوا ہے اور پاکستان کے اندر معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد پاکستانی عوام کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
