کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی
تیز رفتاری اور لاپرواہی نے قیمتی جانیں لے لیں، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) صوبائی دارالحکومت کے مصروف علاقے نواں کلی میں تیز رفتاری کے باعث پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار گاڑی اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ دونوں گاڑیوں میں سوار دو افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے حادثے کے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
علاقہ مکینوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ نواں کلی جیسے گنجان علاقوں میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور تیز رفتاری پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔
