نیشنل ورکشاپ بلوچستان — گورنر جعفر مندوخیل کا قومی یکجہتی، ہم آہنگی اور عملی علم پر زور
کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی، شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کا انعقاد قومی اور صوبائی دونوں سطحوں پر مسائل کی بہتر تفہیم اور اجتماعی دانشمندی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و تربیت محض ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ وہ علم حقیقی ہے جو معاشرے میں مثبت اور تعمیری تبدیلی لانے کا ذریعہ بنے۔

گورنر نے کہا کہ شرکاء کو چاہئے کہ وہ نیشنل ورکشاپ کے دوران حاصل کردہ علم و تجربے کو اپنے اپنے شعبوں میں ایمانداری اور لگن کے ساتھ بروئے کار لائیں تاکہ معاشرتی بہتری، قومی یکجہتی اور ملکی سالمیت کو مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کا مقصد معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے منتخب افراد کو ایک فورم پر اکٹھا کرنا، ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا اور قومی ترقی کے عمل میں ان کا کردار بڑھانا ہے۔ ان کے مطابق تعلیم یافتہ اور باصلاحیت افراد ہی حقیقی معنوں میں ملک و قوم کی خدمت کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر گورنر جعفر خان مندوخیل نے ورکشاپ کے شرکاء میں یادگاری شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں بریگیڈیئر بلال غفور سمیت سول و عسکری حکام، تعلیمی شخصیات اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء نے شرکت کی۔

ورکشاپ کے دوران کشمیری عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
گورنر بلوچستان نے ورکشاپ مکمل کرنے پر شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے وہ قومی ہم آہنگی، رواداری اور پائیدار امن کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔
