بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی غیر معیاری گوشت کیخلاف خصوصی مہم مکمل، 33 دکانوں کے خلاف کارروائی
صفائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ لائسنس کے بغیر گوشت فروخت کرنے پر متعدد قصابوں کو جرمانے و نوٹسز جاری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) کی جانب سے عوام کو معیاری، تازہ اور محفوظ گوشت کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے غیر معیاری گوشت کی فروخت کے خلاف شروع کی گئی خصوصی انسپیکشن مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
مہم کے آخری روز *بی ایف اے کی انسپیکشن ٹیموں نے سیٹلائٹ ٹاؤن، اے ون سٹی اور کلی الماس ائیرپورٹ روڈ کے مختلف علاقوں میں 50 گوشت کی دکانوں* کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، غیر محفوظ ڈسپلے اور دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے پر *33 بیف، مٹن اور پولٹری مراکز کے خلاف کارروائی* عمل میں لائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق *17 بیف و مٹن اور 7 پولٹری شاپس کے مالکان* کو حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر جرمانے کیے گئے، جبکہ معمولی کوتاہیوں پر *9 دکانوں کو اصلاحی نوٹسز* جاری کرتے ہوئے بہتری کے لیے مہلت دی گئی۔ اس کے علاوہ *8 قصابوں کو بغیر فوڈ بزنس لائسنس گوشت فروخت کرنے پر چالان* کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی *وقار خورشید عالم* کے مطابق مہم کا مقصد صوبے بھر میں گوشت کی فروخت کے نظام کو *بین الاقوامی فوڈ سیفٹی اسٹینڈرڈز* اور *بی ایف اے کے ایس او پیز* کے مطابق بنانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انسپیکشن کے دوران دکانوں کی صفائی، اسٹوریج سہولیات اور گوشت کے ڈسپلے کے طریقوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا، ساتھ ہی قصابوں کو فوڈ سیفٹی اصولوں سے آگاہ بھی کیا گیا۔
ڈی جی بی ایف اے نے واضح کیا کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ *باسی اور غیر صحت بخش گوشت کی فروخت یا دکانوں کے باہر گوشت لٹکانے* جیسے غیر ذمہ دارانہ اقدامات پر آئندہ مزید سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہم کا مقصد صرف خلاف ورزیوں کی نشاندہی نہیں بلکہ قصابوں میں *آگاہی اور اصلاحی رویہ فروغ دینا* بھی تھا تاکہ آئندہ گوشت کی دکانوں پر معیاری اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھا جا سکے۔
