پشتون قومی تحریک اپنی منزل کی جانب گامزن ہے، شہدا و اکابرین کی تعلیمات پر عمل ہی نجات کا راستہ ہے، اصغر خان اچکزئی
23 نومبر کو شہید خان جیلانی اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کی برسی ہائی اسکول گراؤنڈ کچلاک میں منائی جائے گی، عوامی نیشنل پارٹی کا ضلعی اجلاس

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتون قومی تحریک اپنے شہدا اور اکابرین کی قربانیوں اور جدوجہد کی بدولت آج بھی نامساعد حالات کے باوجود اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ قوم کو درپیش سنگین مسائل سے نجات اکابرین کے افکار اور اصولوں پر عمل پیرا ہونے سے ہی ممکن ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خدائی خدمتگار مرکز بلیلی میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس کی صدارت ضلعی صدر ثنااللہ کاکڑ نے کی۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اصغر خان اچکزئی نے اعلان کیا کہ شہدا وطن، شہید خان جیلانی خان اچکزئی کی 15ویں برسی اور شہید اسد خان اچکزئی کی 5ویں برسی 23 نومبر کو ہائی اسکول گراؤنڈ کچلاک میں منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ جلسہ موجودہ دگرگوں اور نازک سیاسی حالات میں پشتون قوم کی جدوجہد پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک فعال اور منظم تنظیم کے بغیر قومی اہداف کا حصول ممکن نہیں، لہٰذا پارٹی کی تنظیمی ڈھانچے کو یونٹ، تحصیل اور ضلع کی سطح پر مضبوط اور منظم بنایا جائے تاکہ جدوجہد کو مزید تیز کیا جا سکے۔
اجلاس سے رکن مرکزی کمیٹی و ایم پی اے ملک نعیم خان بازئی، مرکزی نائب صدر و ایم پی اے سلمیٰ کاکڑ، صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا اور ضلعی جنرل سیکرٹری حمزہ کاکڑ نے بھی خطاب کیا۔
اجلاس میں تنظیمی امور پر غور کیا گیا اور پارٹی کو ضلع کوئٹہ کی سطح پر مزید فعال بنانے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر ضلعی پارلیمانی بورڈ تشکیل دیا گیا جس کے چیئرمین ثنااللہ کاکڑ، سیکرٹری حمزہ کاکڑ جبکہ قاری علی محمد بڑیچ، اجمل خان کاکڑ اور ذاکر خان اس کے اراکین ہوں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 23 نومبر کے جلسہ عام کی بھرپور تیاریاں کی جائیں گی اور ضلع کوئٹہ سمیت تمام ضلعی تنظیموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں شہدا وطن کی یاد میں منعقدہ جلسے کی تیاریوں کو تیز کریں۔
