فیلڈ مارشل صاحب صورتحال کو دیکھیں!” “عدالتی حکم کا مذاق اڑانا کروڑوں عوام کی توہین ہے، اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

پشاور(ڈیلی قدرت نیوز ڈیسک)اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی نے پیر کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران ایک انتہائی جارحانہ اور دھواں دار تقریر کرتے ہوئے “فیلڈ مارشل صاحب” کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ صورتحال کو دیکھیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے کو “مذاق” اور کروڑوں عوام کی توہین قرار دیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بابر سلیم سواتی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ صورتحال پر “دل گرفتہ” ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگریزوں نے پارلیمان کو کمزور اور اداروں کو مضبوط بنایا تاکہ عوام کے نمائندوں کو کنٹرول کیا جا سکے، اور وہی سلسلہ اب تک جاری ہے۔
بابر سلیم سواتی نے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا، “یہ مذاق بنا ہوا ہے کہ ہائی کورٹ حکم دیتی ہے (ملاقات کا) اور سپرنٹنڈنٹ سامنے کھڑا ہے کہ تمہیں اجازت نہیں ملی۔”
انہوں نے سوال اٹھایا، “آپ کس کی توہین کر رہے ہیں؟ آپ ان ساڑھے چار کروڑ عوام کی توہین کر رہے ہیں جنہوں نے اس پارلیمنٹ کو منتخب کیا ہے۔”
*ڈی جی آئی ایس پی آر کو پیغام*
اسپیکر نے وزیر اعلیٰ کی نامزدگی پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے سابقہ بیان پر بھی برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، “ایک پارٹی اپنے سی ایم کو تبدیل کرتی ہے تو ڈی جی آئی ایس پی آر صاحب آ جاتے ہیں (اور) وہ کہتے ہیں ہم اسے نہیں مانتے۔ ہم آپ سے بڑی محبت کرتے ہیں… لیکن یہ آپ کا کام نہیں ہے اس قسم کے بیان دینا۔”
اپنی تقریر میں انہوں نے براہ راست اعلیٰ ترین عسکری قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، “میں یہ سمجھتا ہوں کہ فیلڈ مارشل صاحب کو چاہیے کہ وہ اس ساری صورتحال کو دیکھیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان ایک پارٹی کے قائد ہیں اور ان کے نامزد کردہ وزیر اعلیٰ کو ان سے ملاقات کا مکمل اختیار ہونا چاہیے۔
