گلستان میں نصف صدی پرانی قبائلی رنجش کا تاریخی خاتمہ، امن و اتحاد کی جانب اہم پیشرفت ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا بیان، صلح کو قبائلی روایات کی جیت اور پشتون قوم کے اتحاد کی مضبوط علامت قرار دیا

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گلستان میں نصف صدی پرانی قبائلی رنجش کا تاریخی تصفیہ ایک عظیم کامیابی اور امن و اتحاد کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔ صلح سید حاجی حنیف آغا اور سید نصرو آغا کے خاندانوں کے درمیان عمل میں آئی، جسے علاقے بھر میں نہایت خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس تاریخی صلح میں صالصین کے طور پر قبائلی شخصیات احمد خان غبزئی، ملک شاجہان کاکڑ، اختر خان کاکڑ، امیر جان آغا اور دیگر معتبرین نے نمایاں کردار ادا کیا، جن کی کوششوں اور حکمت عملی کے نتیجے میں دونوں خاندانوں نے ایک دوسرے کے گلے لگ کر نصف صدی پرانی دشمنی کو ہمیشہ کے لیے ختم کر دیا۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مطابق گلستان جیسے حساس علاقے میں اس قدیم رنجش کا خاتمہ پشتون قوم کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو مستقبل میں قبائلی تنازعات کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس موقع پر گلستان میں منعقدہ عظیم الشان قبائلی جرگہ و ننواتی کی تقریب میں پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید قادر آغا، مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان، مرکزی سیکرٹری مالیات یوسف خان کاکڑ، صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی، مرکزی کمیٹی کے رکن سردار اصف خان سرگڑھ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ملک عبیداللہ کاکڑ، سید احسان آغا، عنایت خان اچکزئی، ڈاکٹر محمود سلیمان خیل، ضلعی سینئر معاون رمضان کاکڑ، پشتونخوا ایس او کے صبور خان کاکڑ، علما کرام، قبائلی معتبرین، پارٹی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ پشتون افغان قوم اعلیٰ روایات، غیرت، عزت اور مہمان نوازی سے بھرپور قوم ہے، مگر ماضی میں سازشوں کے ذریعے ان میں دشمنیاں پیدا کی گئیں تاکہ اتحاد کمزور کیا جا سکے۔ ایسے جرگے اور صلح کی روایات پشتون قوم کے استحکام اور بھائی چارے کو فروغ دینے میں سنگِ میل ثابت ہوں گی۔ پارٹی نے تمام صالصین اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی صلح پورے پشتون وطن میں امن و اتحاد کے فروغ کا ذریعہ بنے گی۔
